کے-الیکٹرک کے بن قاسم پاور پلانٹ میں تکنیکی خرابی، مختلف علاقوں کی بجلی معطل

730

کے-الیکٹرک کے بن قاسم پاور پلانٹ میں تکنیکی خرابی سے کراچی کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

نجی نیوز ٹی وی کے مطابق کے-الیکٹرک کے بن قاسم پاور پلانٹ میں تکنیکی خرابی سے لیاری، کھارادار، نیو کراچی، بفرزون اور سرجانی ٹاؤن میں صبح 9 بجے سے بجلی بند ہے جب کہ فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33، اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پاور پلانٹ میں خرابی سے سسٹم کو 130 میگاواٹ بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ شہر میں بجلی کی طلب و رسد میں فرق 780 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔

متاثرہ علاقوں کے مکینوں کے مطابق لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں 3 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ جب کہ دریگر علاقوں میں دورانیہ 10 گھنٹوں تک جا پہنچا ہے۔ رات کے اوقات میں 3 سے 5 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔

ذرائع کے مطابق شہر میں بجلی کی طلب 2700 میگاواٹ ہے، کے-الیکٹرک اپنے سسٹم سے صرف 900 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہی ہے جب کہ نیشنل گرڈ اور آئی پی پیز سے 1020 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے۔