وزیراعظم کا سید علی گیلانی کو نشان پاکستان کا اعزاز دینے کا اعلان

983

مظفرآباد:وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ 14اگست کو سید علی گیلانی کو نشان پاکستان کا اعزاز دیاجائےگا،سید علی گیلانی طویل عرصے سے آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں۔

عمران خان نے کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ انسان تب ہارتا ہے جب وہ ہار تسلیم کرلے، اصولوں پر چلنے والی قومیں ترقی کرتی ہیں، ہم نے مسئلہ کشمیر کےحل کیلئےمذاکرات کی پیشکش کی تھی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 5اگست 2019کو مودی نے بہت بڑی غلطی کی،جس کی وجہ سے فاروق عبداللہ جیسے لوگ بھی بھارت سے عاجز آگئے ہیں، مودی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی جارحیت کے حوالے سے فرانسیسی صدر،جرمن چاسر اور برطانوی وزیراعظم کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کیا،نیویارک ٹائمز کے بورڈ کو بھی مودی کی سوچ سے متعلق بتایا،ہٹلر اور نپولین کی مثالیں دنیا کے سامنے موجود ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مودی سمجھتا تھا بھارت بڑی معیشت ہونے کےباعث دنیا خاموش رہےگی، بھاری اکثریت سے الیکشن جیتنے پر مودی نے کشمیر  کی حیثیت تبدیل کی،جو مودی کی بہت بڑی غلطی ہے،مودی سمجھتا تھا اس اقدام سے پاکستان خاموش رہےگا،

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کے نئے نقشے کے بعد کشمیریوں کی آزادی قریب ہے،جوصلاحیتیں پاکستان کےپاس ہیں کسی کے پاس نہیں،قوم جب اصولوں سے ہٹ جاتی تو نیچے آجاتی ہے،اصولوں پر چلنے والی قومیں ترقی کرتی ہیں۔