میں بطور سفیر کشمیریوں کی آواز بنا رہوں گا: وزیراعظم عمران خان

567

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے کے ذریعے جن کشمیریوں کی آواز گُل کرنے کی کوشش کی میں بطورِ سفیر ان سب کی آواز بنا رہوں گا۔

وزیراعظم عمران خان نے یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے ٹوئٹس کرتے ہوئے لکھا کہ ”ہم نے اہلِ کشمیر کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے حوالے سے اپنے عزائم و مؤقف کو کل جاری ہونے والے پاکستان کے سیاسی نقشے میں بھی اجاگر اور نمایاں کر دیا ہے۔“

عمران خان نے کہا کہ ”ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے کے ذریعے جن کشمیریوں کی آواز گُل کرنے کی کوشش کی میں بطورِ سفیر ان سب کی آواز بنا رہوں گا۔ برسوں بعد میری حکومت نے کشمیر کا مقدمہ نہایت مؤثر طور پر اقوام متحدہ میں اٹھایا اور مودی سرکار کی نسل پرست فسطائیت (ہندوتوا) کو بے نقاب کیا۔“

وزیراعظم نے مزید لکھا کہ ”یومِ استحصال کےموقع پر اہلِ کشمیر سے اظہارِ یکجہتی کے لیے میں آج آزاد جموں و کشمیر کی اسمبلی سے مخاطب ہوں گا۔ گزشتہ برس 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات کے بعد سے اہلِ کشمیر کو بھارت کے ہاتھوں ظالمانہ اور سفاک فوجی محاصرے کا سامنا ہے جب کہ مقبوضہ وادی میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششیں بھی جاری ہیں۔“