اظہار یکجہتی کشمیر ریلی پر حملے کو پاکستان پر حملہ تصور کیا جائے، حافظ نعیم

880

کراچی :امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ کشمیر سے اظہار یکجہتی کی اس ریلی میں حملے کو  پاکستان پر حملہ تصور کیا جائے، کراچی میں را کے ایجنٹ ریلی پر حملہ کررہے ہیں،دن دیہاڑے گاڑی سے دستی بم پھینکنا حکومت کی نااہلی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ ریلی میں زخمی ہونے والوں کی دیکھ بھال کی جائے، کراچی کے عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے،حکومت کی ذمہ داری ہے کہ دہشتگردعناصر  کے خلاف کارروائی کرے،کشمیریوں کی جہدوجہد آزادی عالمی تحریک ہے۔

امیر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ جہاد کو دہشت گردی کا نام دیا جائے گا تو ہم سوال کریں گے دفاعی بجٹ کہاں خرچ کیا جارہا ہے ہماری فوج کا ؟افغانستان میں جہاد اور ایمان نے امریکہ کی طاقت کا غرور خاک میں ملادیا۔

حافظ نعیم نے کہا کہ بم دھماکے بھارتی اور امریکی ایجنٹوں کا کام ہے،جہاد فی سبیل اللہ کے پرچم کو تھام کر ڈپلومیسی کے محاذ پر کام کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ آزادی کی تحریک مسلمانوں کی برصغیر کی تحریک ہے،پرانے نقشے کو بحال کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا،نقشے کی تکمیل کے لیے آگے بڑھنا ہوگا، آدھا کشمیر بھی بزور شمشیر ہی آزاد ہوا تھا، مقبوضہ کشمیر بھی جذبہ جہاد سے ہی  آزاد ہوگا۔

امیر کراچی نے مزید کہا کہ حکمران بتائیں کشمیر کمیٹی کہاں ہیں، ایک سال گزرنے کے بعد بھی کشمیر کے کیے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا گیا، عوام کے خون پسینے کی کمائی سے دفاعی بجٹ دیا جاتا ہے ،حکومت ڈپلومیسی کے محاذ پر ناکام ہوگئی ہے،حکومت کی ذمہ داری کے دن دہاڑے دہشت گردی کرنے والوں کو فی الفور گرفتار کرے۔