بھارت کے حصے میں رسوائی کے سوا کچھ نہیں: وزیراعلیٰ سندھ

270

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے حصے میں رسوائی کے سوا کچھ نہیں، 365 دن کا دنیا کا طویل ترین کرفیو بھی کشمیریوں کو جھکانہ سکا۔

یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر سی ویو پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ قیادت ریلی کا انعقاد ہوا۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نریندر مودی کے کشمیر میں مظالم دنیا سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، وہ دن دور نہیں جب جبر کی طویل رات ختم ہوگی اور آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کی اس جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارت کے حصے میں رسوائی کے سوا کچھ نہیں، کشمیریوں کی پکار نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے،  کشمیریوں کی آزادی کی صدا اور زیادہ بلند ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں، 365 دن کا دنیا کا طویل ترین کرفیو بھی کشمیریوں کو جھکانہ سکا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک سال پہلے غاصب بھارت نے کشمیریوں کا تشخص چھینا اور ان کا جھنڈا اتارا، آج کشمیریوں کی شناخت پر حملے کو ایک سال مکمل ہوگیا۔