بھارت نے کشمیریوں پر ظلم ڈھانے کیلئے اسرائیل سے ٹیکنالوجی حاصل کی: صدر مملکت

603

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں پر ظلم ڈھانے کے لیے اسرائیل سے ٹیکنالوجی حاصل کی، بھارت کی ہندوتوا سوچ نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا۔

اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے یومِ استحصال ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے، یومِ استحصال کا مقصد دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرنا ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے سے معیشت کو نقصان پہنچا، بھارت نے شملہ وفد سیمت کسی معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا۔

عارف علوی نے کہا کہ بھارت نے اسرائیل سے سیکھا کیسے ڈیمو گرافی کو بدلا جائے، بھارت نے اسرائیل سے ظلم سیکھا، کشمیریوں پر پیلٹ گن کا استعمال کیا، بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کرنے کے لیے اسرائیل سے ٹیکنالوجی حاصل کی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ امن کے پیغام کے باوجود بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، پاکستان نے امن قائم رکھنے کے لیے بھارتی پائلیٹ کو واپس کیا، کشمیر بھارت کے ساتھ ایک قدم چلنے کو تیار نہیں، بھارت کی ہندوتوا سوچ نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا۔

یومِ استحصال ریلی میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، چئیرمین کشمیر کمیٹی علی امین گنڈاپور نے شرکت کی۔