مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی، شیخ عمر ریحان

203

کراچی( اسٹاف رپورٹر)کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے نافذ کردہ تاریخ کے بدترین غیر انسانی لاک ڈاؤن کا سال مکمل ہونے پر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عنقریب مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور انہیں بھارت کے مظالم سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاجر و صنعتکار برادری حکومت کی جانب سے کشمیر کے خلاف بھارتی اقدام کی مذمت اور دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے 5 اگست کو ” یوم استحصال” کے طور پر منانے کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ مودی کی ظلم و زیادتی پر مبنی حکومت کے زیر قیادت بھارتی ہتھکنڈے غیور کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکتے۔ صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ تاجربرادری ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کے عزائم خاک میں ملانے کے لیے ہم اپنی افواج کا دست و بازو بن کر دشمن کے خلاف ہمہ وقت تیار ہیں۔