مقبوضہ کشمیر : لاک ڈائون کا سال مکمل ، وادی میں مکمل کرفیو ، حکومت یوم استحصال، جماعت اسلامی یوم سیاہ منا رہی ہے

578

 

کراچی/اسلام آباد(نمائندگان جسارت+ خبر ایجنسیاں) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر کی علیحدہ آئینی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدامات ، ایک سال کے طویل لاک ڈائون اور ریاستی جبر و تشدد کے خلاف آج آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں ’’یوم سیاہ ‘‘ منایا جارہا ہے ۔ کراچی ، اسلام آباد ، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر کے اہم شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اورمظاہرے کیے جائیں گے ۔ جس سے جماعت اسلامی کی مرکزی ، صوبائی ، شہری ، ضلعی اور مقامی قیادت کے علاوہ دیگر قائدین خطاب کریں گے ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق و دیگر رہنمائوں نے عوام سے احتجاجی ریلیوں میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں ۔ کشمیر پاکستا ن کی شہ رگ ہے اور کشمیر ی عوام کی تحریک آزادی تکمیل پاکستان کی جدو جہد ہے۔ کشمیر کے بغیر پاکستا ن نا مکمل ہے۔ علاوہ ازیں بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019ء کے مقبوضہ کشمیر
کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کے خلاف ملک بھر میںآج یوم استحصال منایا جائے گا۔ اس موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے وزیراعظم پاکستان عمران خان مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے اور مظفرآباد میں ہی ریلی کی قیادت کریں گے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اسلام آباد میں کشمیریوں کی حمایت میں ریلی کی قیادت کریں گے۔ بزرگ حریت رہنما سیّد علی گیلانی کو نشان پاکستان دینے کا اعلان کیا جائے گا۔ شہر شہر قریہ قریہ ریلیاں نکالی جائیں گی۔ میڈیا پر صدر، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ،صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر کے خصوصی پیغامات نشر یا شائع کیے جائیں گے۔ وزیراعظم کے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور ٹریفک روک دی جائے گی۔ چاروں صوبوں گلگت بلتستان میں گورنر اور وزیراعلیٰ کی قیادت میں کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے یکجہتی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ صبح 10 بجے سائرن بجائے جائیں گے۔ اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو سیکرٹری جنرل کے نام یادداشت بھی پیش کی جائے گی۔ وزارت پوسٹل سروسز کی جانب سے خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کیا جائے گا جس میں مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوج کے ظلم سے نانا کی شہادت کے بعد اس کی میت کے اوپر بیٹھے اس کے 3 سالہ نواسے کی تصویر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے چھاپی گئی ہے۔ دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں اس دن کے حوالے سے خصوصی تقریبات ہوں گی۔ یہ دن کشمیر کی تاریخ کا ایک اور سیاہ ترین دن ہے۔ جب کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حاصل خصوصی حیثیت کے خاتمے کا غیر قانونی اور یک طرفہ اقدام اٹھایا گیا۔دریں اثنا بزرگ حریت رہنماسیدعلی گیلانی نے کشمیریوں کے نام ایک پیغام میں آج مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے جس کی تمام کشمیری جماعتو ں اور تنظیموں نے حمایت کی ہے ،مقبوضہ کشمیرمیں ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے ہوںگے۔ دوسری جانب قابض بھارتی حکومت نے احتجاج کو روکنے کے لیے 2 دن کے لیے سری نگر میں مکمل کرفیو لگا دیا جبکہ کورونا متاثرین کی تعداد میںاضافے کے پیش نظر صوبائی انتظامیہ نے 8اگست تک وادی کشمیر میں دوبارہ سخت ترین پابندیاںعاید کر دی ہیں،جسکے نتیجے میں معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں ۔