ن لیگ نے حکومت کو نہ گرانے کی این او سی دیدی ، حافظ حسین احمد

213

کوئٹہ(صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی ایک بڑی جماعت نے حکومت کو نہ گرانے اوران کے خلاف احتجاج نہ کرنے کے لیے این او سی دیدی ہے یہ حکومت بچاؤ ’’این او سی‘‘ جان بچاؤ ’’این او سی‘‘ کے بدلے میں دی گئی ہے، جس کی نشاندہی شاہد خاقان عباسی نے کردی ہے۔ وہ منگل کے روز جامع مطلع العلوم میں صحافیوں اور نجی چینل سے گفتگو کررہے تھے۔حافظ حسین احمد نے کہا کہ لگتا ہے کہ موجودہ ڈیل میں اس شرط کو قبول کیا گیا ہے کہ 5سال تک ’’نکے ‘‘ کو تحفظ فراہم کیا جائے گا اور یہ کارنامہ ’’ابے‘‘ کا لگتا ہے جس کا سہرا ڈاکٹر عدنان کے سر ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب اپوزیشن کو سوچنا پڑے گا کہ وہ اے پی سی کے حوالے سے شرکت کرکے کیا اس ڈیل کا حصہ بنیں گے یا نہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کے قبضے کو ایک سال مکمل ہونے پرایک منٹ کی خاموشی سے لگتا ہے کہ اب مکمل خاموشی کے لیے ریہرسل کی جارہی ہے ، ایٹمی صلاحیت کی حامل طاقت سمیت کوئی ایسا حربہ بھی کام نہیں آرہا جو کشمیریوں پر ہونے والے دردناک صورتحال کا مداوا کرسکیں، نئی کشمیر کمیٹی بھی خاموش ہے ۔ عمران خان نے بھارتی پائلٹ کو رہا کیا، کرتارپوررہداری اور کلبھوشن یادیو کے معاملے پر حکومت بھارت کے لیے سہولت کار بنی ہوئی ہے۔