کویت: ملازمتوں میں چھانٹی شروع‘ 50 فیصد غیر ملکی فارغ

343

کویت سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) کویت کی وزارتوں میں ذیلی ٹھیکے داروں کے ساتھ کام کرنے والے 50 فی صد تارکین وطن ملازمین اور مزدوروں کو آیندہ 3 ماہ کے دوران میں فارغ کردیا جائے گا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت کی بیشتر وزارتوں میں پہلے ہی افرادی قوت کے ضمن میں مقامی افراد کو ترجیح دینے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ اس پالیسی کا مقصد سرکاری دفاتر اور وزارتوں میں کویتی ملازمین کی تعداد بتدریج بڑھانا ہے اور ان دفاتر میں کام کرنے والے تارکینِ وطن کو فارغ کیا جارہا ہے ۔ ہُنرمند افرادی قوت اور اپنے شعبوں میں مہارت رکھنے والے تارکینِ وطن کو اس نئی پالیسی میں کوئی استثنا حاصل نہیں اور انہیں مرحلہ وار مقامی شہریوں کے دستیاب ہونے کی صورت میں فارغ کیا جائے گا تاکہ کام کا معیار متاثر نہ ہو۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بہت سے تارکینِ وطن نے پہلے ہی سرکاری وزارتوں کے ساتھ کام کرنے والے ذیلی ٹھیکے داروں کے ہاں ملازمتیں اختیار کرلی ہیں۔ کویتی پارلیمان کے رکن خلیل الصالح کا کہنا ہے کہ ملک میں آبادی کے تناسب کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں اور آیندہ ہفتے کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں نئی پالیسی سے متعلق ڈیٹا اور شماریات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔