جنوبی کوریا میں بارش‘ 14 افراد ہلاک‘ ممبئی میں ریکارڈ ٹوٹ گیا

780
ممبئی میں شدید بارش کے باعث سڑکیں دریا کا منظر پیش کررہی ہیں‘ گاڑیاں پانی میں تیرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں، درخت اور تودے گرنے سے راستے بند ہیں، کشتیوں کے ذریعے پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا رہا ہے

سیئول ؍ ممبئی (انٹرنیشنل ڈیسک) جنوبی کوریا میں شدید بارش اور سیلاب کے باعث 14افراد ہلاک ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق 42 روز سے جاری موسلا دھار بارش اور سیلاب کی تباہی کے باعث ایک ہزار سے زائد شہری بے گھر ہوچکے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 3افراد ایک ہی خاندان کے ہیں اور ان کا تعلق نیوزی لینڈ سے ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق دارالحکومت سیئول میں بارش کے باعث کئی شاہ راہوں پر ٹریفک جام رہا۔ دوسری جانب بھارتی شہر ممبئی میں مون سون بارش کا 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ موسلا دھار بارش سے ممبئی کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ ملک کے اقتصادی مرکز میں 4 گھنٹے کے دوران 198 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو 2005 کے بعد ریکارڈ ہے۔ شہر بھر میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، جس کے باعث لوکل ٹرینوں کی آمدروفت معطل کردی گئی۔ حکام کی جانب سے شہر میں 2روز کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بارش سے مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور 10 گھنٹے تک بجلی کی فراہم معطل رہی۔ حکام کے مطابق ممبئی میں اب تک 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے جب کہ دریا میں پانی کا بہاؤ خطرے کی حد سے تجاوز کرنے کے بعد قریبی علاقوں کو خالی کرالیا گیا ہے۔ادھر سمندری طوفان آئی سی یس امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا کی ساحلی پٹی سے ٹکرا گیا۔