جیکب آباد ،پولیس لائٹ اور ہارن کا غلط استعمال،انتظامیہ خاموش تماشائی

467

جیکب آباد(نمائندہ جسارت)جیکب آباد میں نیلی بتی ،پولیس لائٹ اور پولیس ہارن کا غلط استعمال ،اکثر گاڑیوں کی نمبر پلیٹ جعلی ہونے کا انکشاف ،لگے نمبر کا کئی سالوں تک ٹیکس بھی جمع نہیں ہوتا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں نیلی بتی اور پولیس لائٹ کا غلط استعمال دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے نیلی بتی اور پولیس لائٹ لگانے کی صرف بالا افسر کو اجازت ہے پر جیکب آبا د میں سرکاری ملازم ،ان کے عزیزو اقارب بھی اپنی کاروں ،بڑی گاڑیوں پر نیلی بتی ،پولیس لائٹ یہاں تک کے سبز رنگ کی نمبر پلیٹ بھی لگاتے ہیں تا کہ ان سے کوئی روک ٹوک نہ ہو ،نیلی بتی اور پولیس لائٹ کے ساتھ پولیس ہارن والی اکثر گاڑیوں کے کسٹم پیڈ نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ان گاڑیوں پر نمبر بھی جعلی لگا ہوتا ہے اور کئی گاڑیوں کا تو کئی سال سے ٹیکس تک جمع نہیں ہوتا اس کے باوجود یہ گاڑیاں شہر کے راستوں پر بغیر کسی خوف کے قانون کی کھلے عام خلاف ورزی کرتے ہوئے گھومتی رہتی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ایک رجسٹریشن نمبر پر ایک سے زائد گاڑیاں بھی چلائی جا رہی ہیںکسٹم ،محکمہ ایکسائز اور سندھ پولیس کی مجرمانہ خاموشی سے وفاق اور صوبائی حکومت کو ٹیکس کی مد میں بڑا نقصان ہو رہا ہے جبکہ کئی سالوں تک ٹیکس ادا کیے بنا یہ گاڑیاں روڈ پر کیسے ہیں یہ سوال افسران کی کوتاہی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔