پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کرکٹ اسٹارز کا قومی ٹیم پر اعتماد کا اظہار

319

لاہور (جسارت نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز آج سے ہورہا ہے، آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ کے معروف اسٹارز نے اظہر علی کی قیادت میں انگلینڈ میں موجود قومی ٹیسٹ ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں شیڈول سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل سابق کرکٹرز نے قومی کرکٹ ٹیم کے حوصلے بڑھانے کرنے کے لیے اپنے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کا کہنا ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل قومی ٹیسٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم سب دعاگو ہیں کہ پاکستان ٹیم انگلینڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجانے کہا کہ دورہ انگلینڈ، قومی کھلاڑیوں کے لیے ہیرو بننے کا ایک بڑا موقع ہے، بلاشبہ ویسٹ انڈیز سے تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے باعث انگلینڈ کو پاکستان پر برتری ہوگی مگر ہوم سائیڈ پاکستان جیسی معیاری ٹیم کے خلاف دباؤ کا شکار رہے گی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو متحد ہوکر کھیلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ انہیں اپنی خامیوں پر قابو پانے کے لیے مختلف سیشنز کی صورت میں کئی مواقع فراہم کرتی ہے، لہٰذا ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور انگلینڈ جیسی کنڈیشنز میں سلپ کیچنگ پر خاص توجہ دیں۔بلے باز محمد یوسف کاکہنا ہے کہ پورا ملک قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی حمایت میں یکجاہے، قوم کو بابر اعظم، اسد شفیق اور اظہر علی سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، وہ دعا گو ہیں کہ اسکواڈ میں شامل سینئرز اور جونیئرز تمام کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے-قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے کہا کہ ہم سب قومی کرکٹ ٹیم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پرامید ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آج سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں مثبت کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔ سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ پاکستان کے اسکواڈ میں بابراعظم کی شکل میں ایک عالمی معیار کا کھلاڑی موجودہے، نوجوان فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے علاوہ تجربہ کار فاسٹ باؤلر محمد عباس، حریف ٹیم کے لیے مشکلات کا سبب بنیں گے۔ آلراؤنڈر عبدالرزاق نے اعتماد کا اظہار کیا۔