وفاقی کابینہ تمام پاکستانیوںکا ٹیکس ریکارڈ پورٹل پر ڈالنے کافیصلہ

662
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہورہاہے

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وفاقی کابینہ نے تمام پاکستانیوں کا ٹیکس ریکارڈ پورٹل پر ڈالنے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ایف بی آر حکام کو فوری طور پر پورٹل بنانے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ پورٹل پرکابینہ ارکان، ارکان پارلیمنٹ، بزنس کمیونٹی کا ٹیکس ریکارڈ ڈالا جائے۔وزیراعظم نے پورٹل پر عام ٹیکس دہندگان کے ٹیکس کی تفصیلات بھی سامنے لانے کی ہدایت کی۔منگل کے روز وزیر اعظم ہائوس میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وباء کیخلاف حکومتی اقدامات ، ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بھی زیر بحث رہی ۔شرکاء نے کورونا وباء کیخلاف حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ اجلاس میں کابینہ نے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بنک پاکستان کی تعیناتی کی منظوری دے دی ،پاکستان کے آفیشل نقشہ کی تیاری اور اجراء کی منظوری بھی دی گئی ہے۔نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کارگردگی پر بریفنگ دی ۔میڈیا ہاؤسز کے واجبات کی ادائیگیوں پر کابینہ کو تفصیل سے آگاہ کیا گیا، گیس کی تقسیم کے منصوبوں پر کابینہ کے شرکاء کو اعتماد میں لیا گیا ۔کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کے بورڈ کی تشکیل نوبھی کردی گئی۔کابینہ کو اقتصادی ترقی اور معاشی اعشاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق پیشرفت رپورٹ کابینہ میں پیش کی گئی۔وزارت آئی ٹی کے ماتحت یوایس ایف کمپنی کے سی ای اوکی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز کے چیئر مین کی تقرری بھی کر دی گئی ہے ، پی آئی اے کے آر پی ٹی، ایریل ورک اور چارٹر لائسنس کی تجدید کردی گئی۔ کابینہ پاکستان گلوبل انسٹی ٹیوٹ روات کے چارٹر کی منظوری دی گئی ہے۔