حکومت اور اپوزیشن مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کیخلاف یک زبان

583
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 5اگست کے حوالے سے صحافیوںکو بریفنگ دے رہے ہیں

اسلام آباد ( آن لائن)حکومت اور اپوزیشن مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی غیر آئینی اور یکطرفہ اقدامات پر یک زباں ہوگئے۔ منگل کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت کشمیر کی صورتحال پر وزارت خارجہ میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس آئی نے خصوصی شرکت کی۔کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی قوم، تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں، اور عسکری قیادت کشمیر کے معاملے پر یکساں موقف کی حامل ہیں،پاکستان اس وقت تک اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا جب تک انہیں ان کا جائز حق، حق خودارادیت مل نہیں جاتا ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آج 5 اگست کو کشمیری باسیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی افواج کی غاصبانہ قبضہ ، غیر آئینی اقدامات کیخلاف ملک بھر میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں مشترکہ طور پر جلوس ،تقریبات اور ریلیوں میں شرکت کریں گے اور عالمی دنیا کو واضح پیغام دیں گے کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے چھٹکارا دلایا جائے ۔اعلامیہ کے مطابق شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ حق خود ارادیت ملنے تک کشمیریوں بھائیوں کی ہر فورم پر بھرپور حمایت جاری رکھی جائے گی ۔