امریکہ میں چینی طلباء اور سائنسدانوں کو ہراساں کیا جارہا ہے، چین

596

بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وینگ وینبن نے کہا ہے کہ امریکہ میں چینی طلبہ اور محققین کو مسلسل ہراساں کیا جارہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وینگ وینبن نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ میں چینی طلباء اور سائنسدانوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے جبکہ 3 محققین تاحال زیرِ حراست میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک چینی نژاد محقق یوآن ٹینگ کی ضمانت پر رہائی کی درخواست کو بھی حال ہی میں مسترد کر دیا گیا ہے جس سے امریکا کے عزائم کھل کر دنیا کے سامنے آگئے ہیں۔

وینگ وینبن کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے یہ اقدام انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور چین اور امریکہ کے مابین ثقافتی اورتعلیمی تبادلوں کے منافی ہے۔ چین اپنے طلبہ اور محققین کی حفاظت کے لیے ہر ضروری قدم اُٹھائے گا۔