ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں آصف زرداری پر فردِ جرم کی کارروائی مؤخر

540

اسلام آباد: احتساب عدالت نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی کے غیر قانونی ٹھیکوں کی ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری پر فردِ جرم کی کارروائی 7 اگست تک مؤخر کردی۔

تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی جج محمد اعظم خان نے کی جس میں آصف علی زرداری کے وکیل فاروق نائیک کے معاون وکیل پیش ہوئے۔

ابتدائی سماعت پر معاون وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر فیصلے تک فردِ جرم عائد نہ کی جائے۔

جج محمد اعظم خان نے کہا کہ فاروق نائیک کہاں مصروف ہیں؟ جس پر معاون وکیل نے بتایا کہ فاروق نائیک کشمیر کے حوالے سے سینیٹ اجلاس میں مصروف ہیں، مہلت دی جائے۔

معاون وکیل نے استدعا کی کہ آصف زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔

احتساب عدالت نے سابق صدر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے فاروق نائیک کی عدم دستیابی کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی۔ جب کہ سابق صدر پر فردِ جرم کی کارروائی 7 اگست تک مؤخر کردی۔

کیس کے سماعت اب 7 اگست کو ہوگی۔