کشمیری حریت پسندوںکوسلام پیش کرتے ہیں، حلیم شیخ

279

کراچی(نمائندہ جسارت) پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے سال 5 اگست کو بھارت نے ظلم و ستم کرتے ہوئے غیر آئینی اور غیر اخلاقی طور پر آرٹیکل 370 کے تحت کشمیریوں سے ان کی آزادی چھین لی تھی، 5 اگست 2020ء کو مودی سرکار کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے 365 دن مکمل ہورہے ہیں، کشمیریوں پرظلم ہورہا ہے تو پاکستان اور پاکستان کی عوام کس طرح پیچھے رہ سکتے ہیں، پاکستان نے کبھی کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑا ہے اس 5اگست کو پوری دنیا میں کشمیری یوم استحصال منا رہے ہیں۔پاکستان کی پوری قوم اس 5 اگست کو اپنے کپتان عمران خان کی ہدایات پر یوم استحصال کشمیر کے طور پر منائے گی۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے سال میں تقریباً 13582 نہتے معصوم کشمیریوں کو غیر قانونی طریقے سے گرفتار کیا، 1331 کوبہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ایک بڑی تعداد میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا، ایک ہزار سے زائد مکانات ودکانات کو نذر آتش کیا گیا۔سلام پیش کرتے ہیں کشمیری عوام کو جو آج تک اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ پریس کانفرنس سے پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی شاہنواز جدون، سمیر میر شیخ، آغا ارسلان، رزاق باجوا و دیگر رہنمائوں نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔