ترقی کیلیے سود سے پاک معیشت اور عدالتوں میں قرآن کا نظام ناگزیر ہے،سراج الحق

724
لاہور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق منصورہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے ہیں

لاہور( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکا و استعماری قوتوں کے غلام حکمران اسلامی پاکستان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ترقی و خوشحالی کیلیے معیشت کو سود سے پاک اور عدالتوں میں قرآن کا نظام لانا ہوگا۔ کشمیر فلسطین سمیت مقبوضہ مسلم علاقوں کی آزادی عالم اسلام کی ذمے داری ہے ۔باطل نظریات اور نظام کا مقابلہ کرنے کیلیے عوام متحد ہوجائیں ۔پیٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عید کی خوشیوں پر ڈاکا ڈالا گیا۔آیا صوفیہ مسجد کی بحالی اسلامی انقلاب کی طرف پیش قدمی ہے ۔جماعت اسلامی عید کے بعد حکومت کے خلاف عوامی تحریک شروع کرے گی۔عید کے موقع پر مسکینوں ، یتیموں اور مستحقین کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں ۔ قرآن و شریعت کا نظام ہی ملک و قوم کے مسائل حل کرسکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز عید کے اجتماع اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے منصورہ قربان گاہ کا دورہ کیااور گائے کی قربانی کرکے اجتماعی قربانی کا افتتاح کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم قربانیوں میں مصروف تھی ،حکومت نے رات کے اندھیرے میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے لوگوں کی گردن پر چھری چلادی ہے ‘ یہ حکومت کی طرف سے عوام پر خود کش حملہ ہے ۔ہماری حکومت ہمیشہ اس طرح کی وارداتیں اس وقت کرتی ہے جب قوم کسی دوسرے کام میں مصروف ہوتی ہے ۔ تیل اور گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے مہنگائی کا ایک اور سونامی آئے گا۔مہنگائی نے پہلے ہی عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے ،آٹے اور چینی کے بحران نے عوام کی مشکلات دوچند کردی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے کسی کو سکھ کی سانس نصیب نہیں ہوئی ۔ہر طرف ایک مایوسی اور ناامید ی ہے ،لوگ ایک دوسرے سے پوچھ رہے ہیں کہ ان ظالموں سے کب چھٹکارہ ملے گا۔وزیر اعظم جس چیز کے بحران اور قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہیں وہ چیز مارکیٹ سے غائب ہوجاتی ہے ۔اب تو لوگ مہنگائی سے زیادہ وزیر اعظم کے نوٹس سے ڈرنے لگے ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا ہے ۔بھارت مسلسل کشمیر یوں کا قتل عام کررہا ہے اور وادی میں مسلم اکثریت کو ختم کرنے کیلیے غیر قانونی طور پر ہندوئوں کو کشمیر میں بسایا جارہا ہے ۔حکومتی رویے سے معلوم ہوتا ہے کہ اسے کشمیر یوں کی مشکلات اور پریشانیوں سے کوئی غرض نہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 4اگست کو اسلام آباد میں کشمیر کے حوالے سے وسیع تر مشاورت کیلیے قومی کانفرنس کرے گی اور 5اگست کو ملک بھر اور آزاد کشمیر میںیوم سیاہ منائے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ سال 5اگست کو کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرکے جبر اً کشمیر کو اپنی ریاست ڈکلیئر کردیا تھا۔سینیٹر سراج الحق نے آیا صوفیہ مسجدکی بحالی پر ترک صد ر طیب اردگان اور عالم اسلام کو مبارک باد دی اور کہا کہ آیا صوفیہ مسجد کی بحالی بیت المقدس کی آزادی اور اسلامی انقلاب کی طرف پیش قدمی ہے ۔