عمران خان کی کوششوں سے کورونا کیسز کم ہوگئے، وال اسٹریٹ جرنل

197

نیویارک (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت حکومت کی مؤثر کوششوں کے نتیجے میں پاکستان میں کورونا وائرس کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے، محدود وسائل کے باوجود اس بڑے چیلنج سے کامیابی سے نبرد آزما ہونا قابل تعریف ہے، معروف امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل نے اتوار کو اپنی اشاعت میں کورونا کے خلاف پاکستان کے اقدامات پر روشنی
ڈالتے ہوئے بیان کیا کہ اسپتالوں کے بیڈز اب خالی پڑے ہیں جہاں پہلے مریضوں کو جگہ نہیں ملتی تھی، وینٹی لیٹرز پر مریضوں کی تعداد نصف سے کم ہوگئی ہے جبکہ عالمی وبا کے باعث اموات میں بھی کمی آئی ہے۔ وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے ہم نے سخت لاک ڈائون اور کاروبار مکمل کھولے رکھنے کے درمیان ایک بہتر لائحہ عمل اختیار کیا۔ شہریوں نے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا، حکومتی اور عوامی سطح پر آگاہی مہم میں اضافہ ہوا۔ جریدے کے مطابق کورونا کے خلاف پاکستان کی کامیابی بڑی اہمیت کی حامل ہے، تعلیمی ادارے شادی، ہالز بند اور پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی لگائی گئی اور عید الاضحی کے موقع پر ایس او پیز اور بہتر حفاظتی انتظامات کیے گئے جبکہ شہریوں نے اجتماعی قربانی میں حصہ لیا۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق جون ایسا مہینہ تھا جب کورونا کیسز کی تعداد ایک دن میں 7000 ہوگئی تھی جبکہ گزشتہ جمعہ کو یہ تعداد 903 ہوگئی اس ہفتے کے دوران صرف 27 اموات ہوئیں۔