ن لیگی رہنما جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے‘ ملک منظور

282

پاکستان مسلم لیگ ن (سعودی عرب) کے صدر ملک منظور حسین اعوان نے پارٹی کے ریاض ریجن کے صدر میاں محمد طارق جنیدکی جانب سے دیے گئے عشائیے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ، احسن اقبال، خواجہ آصف سمیت دیگر قائدین جلد ہی سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف کے وژن کے مطابق لیگی کارکنان کے لیے خوشخبری ہے کہ سعودی عرب میں جلد تنظیم سازی ہونے جارہی ہے اور اس سلسلے میں رہنما ورکرز کنونشن سے ہر شہر میں خطاب کریں گے اور کارکنان کی مرضی سے ایک نظام کے تحت عہدیداروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ عشائیے میں شریک صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میرا مقصد پوری مسلم لیگ کو جمع کرنا اور اتفاق و اتحاد پیدا کرنا ہے۔ ہم کسی سے کوئی ذاتی عناد رکھتے ہیں اور نہ ہی دشمنی یا جھگڑا چاہتے ہیں۔ ہمارے لیے سب قابل احترام ہین۔ پی ٹی آئی کے دو سالہ دور حکومت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے نعرے اور وعدے سب کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے جھوٹے مقدموں کے سوا کوئی اور کام نہیں کیا۔ عوام آٹا ، چینی ، گندم کے لیے ترس رہے ہیں۔ مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے۔ ملک منظور اعوان نے ریاض میں تمام پاکستانی صحافیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ تمام صحافی بلاتفریق اور بے لوث صحافت کو فروغ دینے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہے گے۔
تقریب کا آغاز حافظ عرفان کھٹانہ نے تلاوت کلام پاک سے کیا جب کہ ہدیہ نعت پیش کرنے کا اعزاز صحافی عابد شمعون چاند کو حاصل ہوا۔ آخر میں صدر پاکستان مسلم لیگ( ن) ریاض ریجن میاں محمد طارق جنید نے مہمان خصوصی ملک منظور حسین اعوان سمیت تمام صحافیوں کا شکریہ ادا کیا اور مہمان خصوصی کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔