پاکستان قونصلیٹ جدہ کے تحت بزنس نیٹ ورکنگ سیشن کا انعقاد

266

قونصل جنرل پاکستان خالد مجید کی زیر سرپرستی کمرشل سیکشن پاکستان قونصلیٹ جدہ نے بزنس نیٹ ورکنگ سیشن کا انعقاد کیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی جدہ کی معروف کاروباری و تجاتری شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے کاروباری مواقع پر تبادلہ خیال کرنا اور ان کی عملی حمایت و تعاون سے سعودی مارکیٹ میں رغبت پیدا کرنے کی کوشش کرنا تھا۔
قونصل جنرل خالد مجید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مصنوعات کی تجارت کو فروغ دینے کے لیے وسیع پیمانے پر کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستانی برآمدات بڑھانے کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں اور شراکت پر کاروباری اور تجارتی برادری کی تعریف کی۔ انہوں نے قونصل خانہ پاکستان جدہ کے کمرشل سیکشن میں تجارت اور سرمایہ کاری کے قونصلر سید عبدالوحید شاہ اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ آفیسر فہد چودھری کی تعریف کی کہ انہوں نے جدہ میں مقیم پاکستان کی کاروباری اور تجارتی برادری کے ساتھ باہمی رابطہ اور نیٹ ورکنگ سیشن کو ان کے وژن کے مطابق منعقد کیا۔ انہوں نے پاک سعودی فرینڈزشپ فورم کے صدر خالد رشید کے تعاون کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
قونصل جنرل خالد مجید کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے باعث ہم اس پروگرام کو مزید بہتر بنانے سے قاصر رہے، تاہم یہ ابھی آغاز ہے اور مستقبل میں اسے مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ تقریب کے مہمان اعزازی او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب رضوان سعید شیخ نے قونصل جنرل کا پروگرام کے انعقاد اورسرپرستی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم فرض یہ ہے کہ وہ پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ او آئی سی کے رکن ممالک کے مابین بھی کاروباری اور تجارتی تعلقات میں حصہ لیں اور اسے ترقی دیں ۔
اس سے قبل پروگرام کا آغاز صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری محمد آصف نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ جس کے بعد پاکستان قونصل خانہ کے تجارت اور سرمایہ کاری کے قونصلر سید عبدالوحید شاہ نے تمام مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور اجلاس کے اغراض ومقصد بیان کیے۔ انہوں نے سیشن کی سرپرستی پر قونصل جنرل خالد مجید کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو، وزیر رابطہ ابو نصر شجاع، کمیونٹی ویلفیئر قونصل ماجد میمن اور قونصل خانے کے دیگرافسران بھی موجود تھے۔ اجلاس کے آخر میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا تھا۔