ٹرمپ کی صدارت نے دنیا کو غیر محفوظ بنادیا،سابق مشیر

224

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کوئی سیاسی نظریہ ہے نہ کوئی سوچ ہے۔ جرمن اخبار ویلٹ ام زونٹاگ کو ایک انٹرویو میں جان بولٹن نے کہا کہ ٹرمپ نہ کسی سیاسی فلسفے اور نہ اسٹرٹیجک سوچ کی پیروی کرتے ہیں اور اسی وجہ سے دنیا صدر ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد کم محفوظ ہو گئی ہے۔ سابق مشیر نے جرمنی میں تعینات امریکی فوجی واپس بلانے کے صدر ٹرمپ کے فیصلے کو ایک بری علامت قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ سے جہاں ہمارا ہولڈ ہے، فوجی واپس بلا لینا نہ ہمارے ملک سمیت مغرب کی مجموعی سلامتی کے لیے فائدہ مند نہیں ہے۔ جان بولٹن تقریباً ڈیڑھ برس تک امریکی صدر کے قومی سلامتی سے متعلق مشیر رہے تھے، تاہم ستمبر 2019ء میں صدر ٹرمپ کے ساتھ اختلافات کے بعد وہ اپنے عہدے سے علاحدہ ہوگئے تھے۔ جان بولٹن نے ’’ایک کمرہ جہاں یہ سب ہوا‘‘ کے عنوان سے ایک کتاب لکھی ہے، جس میں انہوں نے صدر ٹرمپ پر الزام لگایا ہے کہ وہ امریکا کی قومی سلامتی اور بہتری کی بجائے اپنے ذاتی سیاسی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے جان بولٹن کی کتاب کی اشاعت روکنے کی کوشش کی تھی۔ سابق امریکی مشیر نے صدر ٹرمپ کے دوبارہ انتخاب کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ میں زندگی میں پہلی بار آیندہ انتخابات میں کسی ریپبلکن امیدوار کو ووٹ نہیں دوں گا۔