امارات میں عرب دنیا کا پہلا جوہری پاور پلانٹ فعال

337

ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) توانائی کے حصول کے لیے عرب دنیا کا پہلا جوہری پاور پلانٹ متحدہ عرب امارات میں فعال ہوگیا ہے، جہاں منصوبے کے ابتدائی یونٹ نے یکم اگست سے باقاعدہ کام کا آغاز کردیا ہے، جس کی تصدیق ایمریٹس نیوکلیئر انرجی کارپوریشن کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔ ابوظبی میں برکہ پاور پلانٹ، کوریا الیکٹرک پاور کاپوریشن کے تعاون سے تیار کیا جا رہا ہے، جس کے ابتدائی یونٹ کو دراصل 3 برس قبل ہی فعال ہو جانا چاہیے تھا، تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر اس میں تاخیر ہوتی رہی۔ ای این ای سی کے مطابق تقریباً ساڑھے 22 ارب ڈالر کی لاگت سے بننے والے جوہری پاور پلانٹ کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد 4 ری ایکٹرز سے 5 ہزار 600 میگا واٹ بجلی حاصل ہو سکے گی۔ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت بین الاقوامی تنظیموں کو اس بات کی یقین دہانی کراتی آئی ہے کہ ان کا جوہری پروگرام پر امن مقاصد کے لیے ہے۔ 2010ء سے لے کر اب تک 40 مختلف جائزے اسی بات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ یہاں یورینیم کی افزودگی کا عمل شروع نہیں کیا جائے گا۔