جنوبی یورپ میں پناہ کے متلاشیوں کی تعداد پھر بڑھنے لگی

408

نیو یارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق رواں برس اب تک بحیرہ روم کے راستے صرف اٹلی پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد 13 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ گزشتہ برس اسی عرصہ کے دوران اٹلی کے ساحلوں تک پہنچنے والے پناہ کے متلاشی افراد کی تعداد اس سے 9 ہزار کم تھی۔ مہاجرین کی مدد کرنے والی تنظیم ’’سی واچ‘‘ سے وابستہ ایک رضاکار فیلکس وائس کے مطابق اٹلی کے جزیرے لامپیڈوسا میں حالات بہت خراب ہیں اور اس صورت حال میں مزید تناؤ کا اندیشہ ہے کیوں کہ ایک ماہ کے دوران وہاں تقریباً ساڑھے 5 ہزار پناہ گزیں پہنچ چکے ہیں، جس کا طلب یہ ہے کہ سمندری راستے سے مہاجرین سے بھری ہوئی روزانہ کم از کم 2 سے 3 کشتیاں لامپیڈوسا کے ساحلوں تک پہنچتی ہیں۔ جنوبی اٹلی کے کئی شہروں کی انتظامیہ نے اس سلسلے میں حکومت کو تنبیہ کرنا شرو کردی ہے۔ بلدیاتی نمایندوں کا کہنا ہے کہ شدید گرم موسم اور کیمپوں میں گنجایش کم ہونے کے باعث نئے مہاجرین رکھے جانے پر پابندی عائد کی جانی چاہیے۔