سجاول،ٹائون کمیٹی کے عارضی ملازم کی تنخواہ کی عدم ادائیگی پر احتجاج

190

سجاول(نمائندہ جسارت) ٹائون کمیٹی سجاول کی جانب سے کافی کچے ملازمین کو تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف ٹائون کمیٹی سجاول کے ایک ملازم خدابخش کونجہڑو عیدالاضحی کے پہلے روز سے اپنے4 بچوں کے ساتھ ڈی سی آفس کے برابر کراچی بدین روڈ پر مسلسل تین روز تک بھوک ہڑتال پر بیٹھے رہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم غریب چھوٹے ملازمین تین ماہ سے ٹائون کمیٹی سجاول کی طرف سے تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے مسلسل فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ بچوں کے نئے کپڑے اور عید کی خریداری تو درکنار ہمیں کوئی دکاندار ادھار راشن دینے کے لئے بھی تیار نہیں۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ٹائون کے نا اہل چیئرمین اور ٹائون آفیسر ٹائون کمیٹی سجاول لاکھوں کا بجٹ خود ہڑپ کرجاتے ہیں اور ہم غریب راشن کے لیے پریشان ہیں۔ عید کے تیسرے روز 4 بچوں کے ساتھ بھوک ہڑتال پر بیٹھنے والے ملازم بھوک ہڑتال کی جگہ ڈی سی ہائوس کے برابر میں حالت خراب ہونے کے باعث بے ہوش گئے جسے سرکاری گاڑی میں سجاول اسپتال پہنچایا گیا۔ جہاں طبیعت صحیح ہونے کے بعد وہ دوبارہ بھوک ہڑتال پر بیٹھ گیا مگر اس غریب ملازم کی مدد کرنے کے لیے ضلعی ڈپٹی کمشنر ہائوس برابر ہونے کے باوجود باہر نہ نکلے اور نہ ہی ٹائون کمیٹی کے بے رحم چیئرمین اور نہ ہی کوئی عوامی نمائندہ ان کو انصاف دلانے کے لیے پہنچا۔