پنگریو، سوئی سدرن گیس کمپنی بھی حیسکو کے نقش قدم پرچل نکلی

228

پنگریو (نمائندہ جسارت) سوئی سدرن گیس کمپنی بھی حیسکو کے نقش قدم پرچل نکلی۔ عیدکے تینوں روز ضلع بدین بھر میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ، عوام کو شدید پریشانیوں اور مشکلات کا سامنا۔ پنگریو، ٹنڈو باگو، ملکانی شریف، کھوسکی، نندو، شادی لارج، گوٹھ حاجی دین محمد، حاجی خان ویڑھو، خلیفو قاسم، خیرپور گمبو اور ضلع بدین کے دیگر شہروں قصبوں اور دیہات میں عیدالاضحی کے تینوں روز گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کی گئی جبکہ پریشر میں کمی کا سلسلہ چوبیس گھنٹے جاری رہا، سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے ضلع کے شہروں، قصبوں اور دیہات میں کی جانے والی طویل لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر میں کمی کے بارے میں صارفین کو قبل از وقت آگاہ نہیں کیا گیا، اس بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث خواتین کو کھانے کی تیاری میں زبردست پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا اور گیس لوڈشیڈنگ نے عید قرباں کا مزہ کرکرا کردیا، گیس کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی پر صارفین میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ اس حوالے سے صارفین نے میڈیا کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی بھی حیسکو کے نقش قدم پر چل نکلی ہے اور ہر تہوار اور اہم مواقع پر جان بوجھ کر گیس بند کرکے صارفین کو اذیت میں مبتلا کیا جاتا ہے۔ صارفین نے وفاقی وزیر پیٹرولیم اور گیس سے مطالبہ کیا ہے کہ عیدالاضحی کے تینوں روز ضلع بدین میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کی جانے والی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر میں کمی کا نوٹس لیا جائے اور عوام کو پریشان کرنے والے افسران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے بصورت دیگر صارفین تحریک چلانے پر مجبور ہوجائیں گے۔