لاڑکانہ ، حادثات و واقعات میں 5افراد جاں بحق ، 15زخمی

195

 

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) عیدالاضحیٰ کے موقع پر مختلف حادثات و واقعات میں پانچ افراد جان کی بازی ہارگئے، تین خواتین سمیت 15 افراد زخمی، جاں بحق افراد کے ورثا کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں۔ عیدالاضحی کے پہلے روز شہر کے گاؤں بگٹی کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکلوں میں زور دار ٹکر کے نتیجے میں چار افراد صدام بھنگر، حسین تھیبو، محمد پنہل سومرو اور محمد خان بروہی جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثے میں ضمیر شاہانی شدید زخمی ہوگیا۔ عید کے دوسرے روز سکھر لاڑکانہ روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے نوجوان رضوان خاصخیلی جاں بحق جبکہ حادثے میں عبدالستار خاصخیلی اور عامر کلہوڑو شدید زخمی ہوئے۔ شہر کے ممتاز کالونی میں معمولی بات پر اینٹیں اور لاٹھیوں کے حملے سے 6 افراد اعجاز علی، پرویز، سراج، زبیر کلہوڑو، علی محمد اور پرویز عمرانی شدید زخمی ہوئے۔ عید کے تیسرے روز باقرانی تحصیل کے گاؤں جوان برڑو میں معمولی بات پر گولیاں اور ڈنڈوں کے حملے میں دو خواتین سمیت چار افراد پروین خاتون، نصیران خاتون، ابل اور الطاف برڑو زخمی ہوئے۔ عید کے تیسرے روز گڑھی یاسین سے لاڑکانہ آنے پر رتوڈیرو بائی پاس کے قریب تیز رفتار دو موٹر سائیکلوں میں ٹکر کے نتیجے میں شہر کے چنا محلے کا رہائشی نوجوان وسیم وگن اور ان کی اہلیہ ریما خاتون وگن شدید زخمی ہوئے۔ تمام جاں بحق افراد اور زخمیوں کو ورثا اور آسپاس کے لوگوں کی جانب سے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں جبکہ زخمیوں میں سے تین افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب لاشوں کو علیحدہ علیحدہ ورثا کے حوالے کرنے کے بعد بذریعہ ایمبولینس ان کے گھر پہنچا دیا گیا، جہاں ورثا کی عید کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں۔