آرسنل نے ریکارڈ 14 ویں مرتبہ ایف اے کپ جیت لیا

259

لندن (جسارت نیوز) آرسنل کی ٹیم نے ریکارڈ 14 ویں مرتبہ ایف اے فٹ بال کپ ٹورنامنٹ جیت لیا، آرسنل نے فائنل میچ میں سخت مقابلے کے بعد چیلسی کی ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دیکر سب سے زیادہ14ویں مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ مزید بہتر بنا لیا۔ آرسنل کے فارورڈ پوزیشن پر کھیلنے والے کھلاڑی پیری امریک آمیانگ نے 2 گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ آرسنل کی ٹیم نے 13 واں ٹائٹل 2017ء میں اپنے نام کیا تھا۔ ایف اے کپ کا 139 ایڈیشن تھا جو ویمبلے ا سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ فائنل میچ آرسنل اور چیلسی کی فٹ بال ٹیموں کے درمیان لندن کے ویمبلے ا سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان انتہائی سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ چیلسی کی ٹیم کے کرسچن پلیسک نے میچ شروع ہونے کے بعد 5ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو آرسنل کے خلاف 1-0 گول کی برتری دلا دی۔ اس کے بعد آرسنل ٹیم کے کھیل میں قدرے تیزی آئی اور کرسچن پلیسک کے گول کے ٹھیک 23 منٹ بعد آرسنل کے فارورڈ پوزیشن پر کھیلنے والے کھلاڑی پیری امریک آمیانگ نے میچ کے 28 ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا۔ میچ کے ہاف پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر تھا۔ دوسرے ہاف میں آرسنل کی ٹیم نے اپنے کھیل کے تسلسل میں مزید بہتری لائی میچ کے 67 ویں منٹ میں آرسنل کی ٹیم کو ایک پنالٹی شوٹ ملی جس پر آرسنل کے پیری امریک آمیانگ نے ایک مرتبہ پھر گول کر کے اپنی ٹیم کو چیلسی کے خلاف 2-1 کی برتری دلادی جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی۔ چیلسی کی ٹیم نے بعد مقابلہ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہی۔ یوں آرسنل نے 14 ویں مرتبہ ایف اے کپ ٹورنامنٹ جیت کر اپنا ریکارڈ مزید بہتر بنالیا۔