کھالیں فروخت کرنے والوں کو پریشانی کا سامنا قیمت آدھی رہ گئی

439

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قربانی کے جانوروں کی کھالوں کی خرید وفروخت کے لیے لگی عارضی منڈیوں میں اس وقت کھالیں فروخت کرنے والے انتہائی پریشان رہے اوران کا کہنا ہے کہ کھالوں کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر رہیں،ٹینری سیکٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کوروناکی وجہ سے 7سے 10 فیصد قربانی کم کی گئی۔کھالیں فروخت کرنے والوں کے مطابق ہر سال جانوروں کی قیمتیں زیادہ اور کھالوں کی قیمت میں کمی ہو رہی ہے اور قربانی کے جانوروں کی کھالوں کے پچھلے سال سے ریٹ کم ہیں۔عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی کھالوں کی قیمتیں کم ترین سطح پر ہونے کے حوالے سے کھالوں کے تاجروں کا کہنا ہے کہ برآمدات میں اضافہ کیے بغیر کھالوں کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کو روکنا ممکن نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق رواں سال کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں عوام کو مذہبی فریضہ کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا رہا،لوگوں کی بڑی تعداد کوروناوائرس کے خوف سے مویشی منڈی بھی نہ جاسکی اور انہوں نے گائے میںحصہ لینا بہتر سمجھا۔ ٹینری سیکٹر سے وابستہ ایکسپورٹرزکا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث6ماہ سے کاروبارتقریباً بند رہا ہے اور سفیدپوش طبقے کی پرچیزنگ پاور کم ہوئی ہے اور جب کسی کی دکان بند ہو تو وہ قربانی کیسے کرتا اسی لیے رواں سال قربانی میں کمی دیکھی گئی۔ سابق چیئرمین پی ٹی اے،سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی گلزار فیروز کے مطابق قربانی کے جانوروں کی کھالوں کی قیمت میں رواں سال ریکارڈ کمی دیکھی گئی،پچھلے سال کھالوں کا مجموعی کاروبار5ارب روپے کا ہوا تھااوراس سال2ارب روپے کی کمی سے صرف 3ارب روپے رہا ہے۔گلزارفیروز نے بتایا کہ پچھلے سال80لاکھ سے زائد جانور ذبح ہوئے تھے اوراس سال72سے 75لاکھ جانوروں کی قربانی ہوئی اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 8لاکھ تک کم جانور قربان ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کی کھالوں کی قیمتوں کی نسبت رواں سال کھالوں کی قیمتیں کم رہیں جس کی ا ہم وجہ عالمی مارکیٹ میں کھالوں اور فنشڈ لیدر پروڈکٹ کی ڈیمازنڈ کی کمی تھی،ہمارے لیے سب سے بڑی مارکیٹیورپ ہے جو لاک ڈائون کی وجہ سے بند تھااور آرڈرز نہیں ملے۔گلزارفیروز نے کھالوں کی قیمتوں کے حوالے سے بتایا کہ پچھلے سال گائے کی کھال 1500روپے تھی لیکن اس سال گائے کی کھال کی قیمت تقریباً50فیصد تک گھٹ گئی اورموٹے بھاری بھرکم بیل کی کھال کی قیمت700سے800روپے رہی۔