آن لائن قربانی کرنے والی کمپنیوں نے بھی فراڈ شروع کردیا

185

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں اجتماعی قربانی کے لیے آن لائن بکنگ کروانے والے سینکڑوں لوگوں کے گھر پر عید الاضحی کے تیسرے روز بھی گوشت نہیں پہنچ سکا ہے،شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں کہ ان کی قربانی ہوئی بھی کہ نہیں ہوئی۔تفصیلات کے مطابق شہرقائد میں ہزاروں لوگوں نے عیدالاضحی سے قبل مختلف آن لائن کمپنیوں کے پاس آرڈرز بْک کروائے تھے، تاہم عیدالاضحی کے تیسرے دن بھی سینکڑوں لوگوں کے گھر گوشت نہیں پہنچ سکا ہے۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے سبب حکومت نے اس مرتبہ لوگوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ اجتماعی قربانی میں حصہ ڈالنے کو ترجیح دیں۔عیدالاضحی سے قبل مختلف کمپنیوں جس میں امتیاز سپر اسٹور ،لال میٹ‘، ’میٹ ماسٹر‘، ’فریش ون‘ و دیگر نے اشتہار دیے جس میں اجتماعی قربانی کے ساتھ ساتھ گوشت کی گھر گھر فراہمی کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا۔ مگر عید کے تیسرے دن بھی قربانی کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ نہیں کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے لوگ بہت زیادہ پریشان ہیں،ٹو یٹر،فیس بک اور واٹس ایپ پہ گروپس بنا کر اپنے مسائل کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کررہے ہیں۔لیاقت آباد کے رہائشی نسیم احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ ’میں نے لال میٹ کے ذریعے قربانی کا آرڈر کیا تھا،گوشت تو نہیں ملا ابھی تک مگر اصل پریشانی قربانی کی ہے۔کمپنی والے تو کہتے کہ بے فکر رہیں قربانی ہوگئی،مگر میں نہیں مانتا یہ بات مجھے تو لگتا میری قربانی ضائع ہو گئی ہے۔ لال میٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے آرڈر بروقت تیار ہوئے تھے مگر کوریئر سروس کی وجہ سے گوشت کی فراہمی متاثر ہوئی ہیں۔ایک اور متاثرہ صارف محمد اقبال کا کہنا تھا کہ انہوں نے گائے کے تین حصوں کا آرڈر دیا تھا جو عید کے پہلے دن ایک بجے ملنا تھا، تاہم پہلے دن شام تک بس ایک حصہ ملا انہیں وہ بھی خراب حالت میں تھا۔اس میں سے اتنی بدبو آرہی تھی کہ میں نے گوشت واپس کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ تو وہ حصہ واپس آیا اور باقی دو حصوں کا تو ابھی تک کوئی پتہ نہیں ۔گلستان جوہر کی رہائشی عروج عظمت کا کہنا ہے کہ انہوں نے میٹ ماسٹر سے قربانی کا آرڈر دیا تھا، جو عید کے پہلے دن سہ پہر میں ملنا تھا،تاہم عید کے تیسرے دن بھی گوشت کا کوئی اتا پتا نہیں، کمپنی والے کہتے ہیں کورئیر والوں کے پاس ہے اور کورئیر والوں کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ان کمپنیوں کے ہزاروں متاثرین نے واٹس ایپ پر گروپس بنا لیے ہیں جہاں اگلے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی بات ہو رہی ہے، کچھ کا خیال ہے کہ یہ معاملہ ایف آئی اے کے سپرد کردینا چاہیے کیونکہ آن لائن فراڈ ہوا ہے، جبکہ کچھ سے سٹیزن پورٹل پہ شکایت درج کرنے کا بھی کہہ رہے، جبکہ اس سب کے بیچ کچھ ایسے بھی ہیں جو صبر کی تلقین کر رہے ہیں۔کورئیر اہلکار نے بتایا کہ آرڈر دیر سے ملنے کی وجہ سے لوگوں کا غم و غصہ انہیں برداشت کرنا پڑ رہا ہے،کمپنی والے تو کورئیر والوں کا نمبر میسج کردیتے، لوگ ہمیں دھمکی دے رہے بد تمیزی کر رہے مگر ہم مجبور ہیں، ڈیوٹی پر ہیں سو چپ چاپ سہ رہے ہیں۔اس کے علاوہ فریش ون اور امتیاز سپراسٹور کی جانب سے کی گئی اجتماعی قربانی کے حوالے سے بھی متعدد بے ضابطگیوں کی اطلاعات ہیں اس حوالے سے لوگ سوشل میڈیا گروپس میں پوسٹ کر رہے ہے۔