وزیراعظم کراچی کے لیے بہت زیادہ فکر مند ہیں ‘ گورنر سندھ

405

کراچی (نمائندہ جسارت)گورنرسندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت کراچی کے مسائل کے حوالے سے گورنرہائوس میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی ،چیئر میں این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل ،میئر کراچی وسیم اختر
رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی اور دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں حالیہ بارشوں کے باعث درپیش مشکلات ، شہر کی مجموعی صورتحال، نکاسی آب ، نالوں سے نکلنے والے فضلہ کو لینڈ فل سائٹس تک پہنچانے اور صفائی ستھرائی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں این ڈی ایم اے کے چیئر مین نے گورنرسندھ کوبریفنگ دی۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کراچی کے لیے بہت زیادہ فکر مند ہیں اسی لیے وزیراعظم نے شہر کے مسائل کے مستقل حل کے لیے سمری منظور کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کسی بھی صورت میں کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ، معاشی و اقتصادی اہمیت کے حامل شہر کی ترجیحی بنیادوں پر ترقی کے وڑن پر گامزن ہیں اس ضمن میں این ڈی ایم اے ، پاک فوج ، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر شہر کو صاف کرے گی۔