کراچی کے 3بڑے نالوں کی صفائی ایف ڈبلیو او کے سپرد

350

کراچی (نمائندہ جسارت) حکومت سندھ ، کور ہیڈ کوارٹر کور 5 ، این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او نے مشترکہ طور پر تین نالوں سے کیچڑ نکالنے اور ان کی صفائی کا کام ایف ڈبلیو
او کو تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ساتھ ہی صوبائی حکومت کی حمایت سے ایسے تمام مقامات پر سے تجاوزات کا خاتمہ کیاجائے گا جو برساتی پانی کی گزرگاہیں ہیں۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت جمعہ کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں وزیر بلدیات سیدناصر شاہ ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو ، کمشنر کراچی افتخار شہلوانی ،سیکرٹری بلدیات روشن شیخ ، کور -5 کے بریگیڈیئر حسین مسعود ، این ڈی ایم اے کے بریگیڈیئر حسین مسعود ،این ڈی ایم اے کے بریگیڈیئر وسیم ، ڈی جی ایس ایس ڈبلیو ایم اے کاشف شیخ ، پی ڈی کلک زبیر چنا ، کے ایم سی کے مسعود عالم اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تین نالوں کی صفائی ایف ڈبلیو او کو تفویض کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس میں گجر نالہ ضلع وسطی شامل ہے جوکہ اپنی مکمل لمبائی اور دیگر رہ جانے والے کاموں اور تمام پیڈنگ نالوں کی صفائی کی ساتھ اسے کلیئر کیا جائے گا اور گرین لائن ڈرین کے مسائل کا بھی تدارک کیا جائے گا۔ ایف ڈبلیو او شار ع فیصل پر برسات کے پانی کے نالوں کو صاف کرے گی اور دونوں اطراف کے ساتھ ملحقہ تنگ مقامات جیسے (ایف ٹی سی ، نرسری ، گلشنِ ظفر ، ٹیپو سلطان روڈ ، کارساز ، ڈرگ روڈ ، اسٹار گیٹ)نالوں سے کیچڑ نکال کر ان کو جام چکرو اور ٹی پی ون کے ڈمپ سائٹس پر پھینک دیا جائے گا۔