قربانی کے جانور کو سڑکوں پر ذبح کرنیکی اجازت نہیں ہوگی‘ ناصر شاہ

479

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ایس ڈبلیو ایم اے) اور بلدیاتی ادارے وزیر بلدیات سید ناصر شاہ کی ہدایت پر عید کے تین روز قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے اورجراثیم کش اسپرے کریں گے۔ یہ فیصلہ جمعہ کے روز وزیر بلدیات سید ناصر شاہ نے وزیر اعلی ہاؤس کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں کیا۔وزیر بلدیات اور کمشنر کراچی افتخار شہلوانی نے کہا کہ ایس ایس ڈبلیو ایم اے کے ذریعہ تشکیل دی جانے والی سب ڈویڑن کمیٹیوں کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنرز کریں گے۔اگلے تین دن (عیدالاضحی اور اس کے بعد) نامزد مقامات / علاقوں میں جانوروں کی آلائشیں ایس ایس ڈبلیو ایم اے کے ذریعہ اٹھایا جائے گا اور ڈی ایم سی کراچی اورصوبے کے دیگر اضلاع میں جراثیم کش اور مکھیوں کے خاتمے کے لیے ا سپرے کریں گے۔وزیربلدیات نے کہا کہ کسی کو بھی اپنے جانور کو سڑک /گلیوں میں ذبح کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، بلکہ جانوروں کو نامزد مقامات یا کمپاؤنڈ کے اندر ذبح کیا جائے گا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔