امریکی پابندیوں میں توسیع ایران کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان

549

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے ایران پر معدنیات اور تعمیرات کے شعبوں سے متعلق عائد پابندیوں میں توسیع کردی۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا کہ پابندیوں میں توسیع میں ایران کے جوہری، میزائل اور فوجی پروگراموں سے متعلق 22 شقیں شامل ہیں۔ پومپیو نے زور دیا کہ ایران کے جوہری، میزائل اور فوجی پروگراموں سے بین الاقوامی امن وسلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے ملک میں تعمیراتی شعبے کو کنٹرول میں لے رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاسداران انقلاب کی تعمیراتی کمپنی اور اس کی ذیلی تنظیمیں بین الاقوامی پابندیوں کے تابع ہیں، کیوں کہ وہ فوروکی افزودگی سائٹ کی تعمیر میں براہِ راست ملوث ہیں۔ پومپیو نے معدنیات سے متعلق پابندیوں میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان پابندیوں سے ایران کو اشیا منتقل کرنے والوں کو بلیک لسٹ کرنے میں مدد ملے گی۔ دوسری جانب ایران کے رہبرا اعلیٰ خامنہ ای نے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ مذاکرات کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی اقتصادی پابندیوں اور دباؤ کا مقابلہ کریں گے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے یہ اعلان سرکاری ٹیلی وژن پر عوام سے خطاب میں کیا۔