شام میں کار بم دھماکہ 6 افراد جاں بحق،15 زخمی

365
شام: شمال مشرقی قصبے راس العین میں کار بم حملے کا نشانہ بننے والی چیک پوسٹ پر تباہی پھیلی ہوئی ہے‘ دھماکے کے بعد جنگجو اور شہری جمع ہیں 

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام کے شمال مشرق میں واقع سرحدی قصبے راس العین کے نزدیک ایک چیک پوائنٹ پر کار بم دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق اس کار بم حملے میں ترکی کی حمایت یافتہ شامی فوج کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، اور مرنے اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر مزاحمت کار ہی ہیں۔ اس نے بتایا ہے کہ جمعرات کو یہ بم دھماکا راس العین کے نزدیک واقع گاؤں تل حلف میں ایک چیک پوائنٹ پر ہوا ہے۔ اس گاؤں پر تُرک فوج اور ان کے اتحادی شامی مزاحمت کاروں کا گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے کنٹرول ہے۔ فوری طور پر کسی گروپ نے اس بم حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا ہے۔ تُرک فوج اور اس کی اتحادی مزاحمت کاروں نے گزشتہ سال کرد ملیشیا سے شام کی سرحد کے ساتھ ساتھ واقع 120 کلومیٹر طویل پٹی چھین لی تھی۔ یہ علاقہ راس العین سے تل ابیض تک پھیلا ہوا ہے۔ اس وقت سے اس علاقے میں کئی بم دھماکے ہوچکے ہیں۔ صرف ایک ہفتے کے دوران یہ پانچواں بم دھماکا تھا۔ منگل کے روز بھی راس العین میں موٹر سائیکل کے ساتھ نصب بم دھماکے سے پھٹا تھا، جس کے نتیجے میں 2 شہری اور ایک جنگجو جاں بحق ہوا تھا۔