اسرائیلی فوج کی لبنانی سرحد پر جنگ کی بھرپور تیاری

337

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنانی ملیشیا حزب اللہ کی جانب سے سرحدی علاقے میں کسی بھی ممکنہ کارروائی کے خوف سے صہیونی ریاست کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان کے ساتھ سرحد پر دفاعی اقدامات کے علاوہ جارحانہ رویہ اختیار کرنے کی پوری تیاری کرلی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جولائی 2006ء کی جنگ کے بعد پہلی بار غیر معمولی نوعیت کی الرٹ پوزیشن ہے۔ اسرائیلی فوج کا یہ اقدام لبنانی ملیشیا حزب اللہ کی جانب سے سرحدی علاقے میں کسی بھی کارروائی کے اندیشے کے پیش نظر سامنے آیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی سرحد پر فوج کی نفری میں اضافہ کیا گیا ہے جب کہ جدید ترین مواصلاتی نظام اور دیگر جدید ہتھیار بھی لبنان کی سرحد پر پہنچا دیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ حزب اللہ نے پیر کے روز جبل الشیخ کے علاقے میں کورنیٹ ٹینک شکن راکٹ کے ذریعے ایک اسرائیلی ٹینک اور فائرنگ کے ذریعے ایک اسرائیلی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا۔ جواب میں اسرائیلی توپوں نے لبنان کے ساتھ سرحد پر واقع علاقوں پر گولہ باری کی تھی۔