شوگر کمیشن کی رپورٹ پر کارروائی کیلئے ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم تشکیل

1367

اسلام آباد: شوگر کمیشن کی رپورٹ پر کارروائی کے لیے فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ٹیم تشکیل دے دی۔

تفصیلات کے مطابق شوگر کمیشن کی رپورٹ پر کارروائی کے لیے ایف آئی اے نے 11 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے جس کے سربراہ معین مسعود ہوں گے۔

خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے 23 جون کو رپورٹ پر کاررائی کی منظوری دی تھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ کابینہ نے شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کمیشن رپورٹ کی سفارشات کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل کی منظوری دی۔

شبلی فراز کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے تحقیقات کے لیے کمیشن کا قیام عوامی مفاد میں کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا تھا کہ انکوائری کمیشن کی سفارشارت کے ضمن میں متعلقہ اداروں کو سونپی جانے والی ذمہ داریوں کے حوالے سے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت میں اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔