ایدھی فاؤنڈیشن سمیت ملکی و غیرملکی ایئرلائنز ڈیفالٹرز قرار

615

اسلام آباد: سول ایوی ایشن نے انکشاف کیا ہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن سمیت ملکی وغیر ملکی ایئرلائنز، سفارتخانے اور صوبائی حکومتیں ڈیفالٹر ہیں۔

سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن، ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز، سفارتخانے اور صوبائی حکومتوں نے مالی سال 20-2019 کے بلز کےٹیکس پیمنٹ چالان جمع نہیں کرائے ، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ مالی سال 20-2019 کے ٹیکس پیمنٹ چالان جلد از جلد جمع کروائیں۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن کی جانب سے مراسلے میں ڈیفالٹرز کی فہرست میں 397 ائیر لائنز، فلائنگ کلب،سفارت خانے،ایوی ایشن سروسز  سمیت ائیر کینیڈا، قطر ائیر، ایمریٹس، اتحاد ائیر، گلف ائیر، ترکش ائیر لائن بھی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں ڈیفالٹرز کی فہرست میں بنگلا دیش، ایران، سعودی عرب، یو اے ای، چین، انڈونیشیا، عراق، کویت، جاپان، قطر، کرغستان، ناروے اور سری لنکا بھی سی اے اے کی ٹیکس نا دہندگان فہرست میں شامل ہیں۔

سول ایوی ایشن نے لاہور، پشاور، ملتان فلائنگ کلبز، کراچی ایرو کلب، شاہین فلائنگ کلب فیصل آباد کو بھی ڈیفالٹ لسٹ میں شامل کیا ہے جبکہ پاکستان کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن بھی ڈیفالٹر فہرست میں شامل ہے۔