پاکستان اسٹاک :60.20 فی صدکمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںاضافہ

213

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںجمعرات کو بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا اور کے ایس ای100انڈیکس39ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے مزید422.17پوائنٹس کے اضافے سے39258.44پوائنٹس کی بلندسطح پرپہنچ گیاجب کہ60.20 فی صدکمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںاضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں58 ارب 95 کروڑ 3 لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 27.45فیصد کم رہا ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو ٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں حصص کی فروخت رجحان کے باعث کے ایس ای100 انڈیکس 38781 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا تاہم بعد ازاں گزشتہ کئی روز سے جاری تیزی کا رجحان لوٹ آیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے ملک میں کورونا کیسز میں کمی اور کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے کے پیش نظر حصص کی خریداری کی گئی جس کے باعث انڈیکس 39ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرگیا تیزی کا رجحان آخر تک برقرار رہا اور کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس422.17پوائنٹس کے اضافے سے39258.44پوائنٹس پر بند ہوا ۔