وزیراعلیٰ پختونخوا کا پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال پر پابندی کا حکم

178

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے بھر میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عاید کرنے اور تمام ضلعی انتظامیہ کو فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں مزید کسی نرمی یا رعایت کی گنجائش موجود نہیں ہے، صوبے میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلیے بھی ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر عیدالاضحی کے دوران صفائی ستھرائی کیلیے متعلقہ اداروں کو 24 گھنٹے متحرک رہنے جبکہ عید سادگی سے منانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کے ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔ محمود خان نے کہا کہ ہم مؤثر اقدامات اور عوام کے تعاون سے کورونا وبا کے وسیع پیمانے پر پھیلاؤ کوروکنے میں کافی حد تک کامیاب رہے ہیں تاہم اس سلسلے میں ہم کسی غفلت کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ہم سب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلیے اپنا کردار ادا کرنا ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔