اپوزیشن احتساب کی بھنک پڑتے ہی اے پی سی شروع کردیتی ہے‘ شبلی فراز

329
اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ سیاست میں استعفے اور لوگ آتے جاتے رہتے ہیں، ہمارے لیے پاکستان کا مفاد اولین ترجیح ہے۔گور نرہاؤس میں یوم استحصال کشمیر پرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے، پانچ اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے پورے ملک میں پروگرام ہوں گے۔شبلی فراز کاکہنا تھاکہ اپوزیشن اپنے مفادات کے لیے کام کر رہی ہے، اسے احتساب کی بھنک پڑتی ہے تو اے پی سی شروع کر دیتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میں استعفے آتے رہتے ہیں، وزیراعظم نے مشیروں کو بھی اثاثہ جات ظاہرکرنے کا پابند بنایا ہے۔ پہلی بار معاونین خصوصی کے اثاثے ظاہر کیے گئے۔ ڈیجیٹل پاکستان کا منصوبہ جاری رہے گا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کرپشن پر بات کرنے کا اخلاقی جواز نہیں رکھتے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلاول اور ان کے خاندان کے صادق اور امین ہونے پر بہت سوال ہیں۔ بلاول عوام کو ضرور بتائیں کہ سرے محل کس طرح خریدا؟ سوئس اکائونٹس کا کیا بنا؟ اومنی گروپ کے لیے منی لانڈرنگ کس نے کی؟شبلی فراز نے کہا کہ ان سوالات کے جوابات کے لیے بلاول کو دور نہیں جانا پڑے گا انھیں ان سوالات کا جواب اپنے خاندان ہی میں مل جائے گا۔ بلاول یا تو لا علم ہیں یا سب کچھ جانتے ہوئے جھوٹ بولتے ہیں۔ وہ کرپشن پر بات کرنے کا اخلاقی جواز نہیں رکھتے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان وہ لیڈر ہیں جنہوں نے سیاست میں آنے سے پہلے سماجی خدمت کی۔ عمران خان نے جو اثاثے بنائے وہ ایمان داری سے بنائے، پوری منی ٹریل دی۔ عدالت نے عمران خان کو صادق اور آمین کا ٹائٹل دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور عمران خان بلاول کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ بلاول اپنی پارٹی کی کارکردگی پر توجہ دیں، سارے پاکستان نے دیکھ لیا کہ کراچی کی کیا حالت ہوئی ہے۔