حکومت مقبوضہ کشمیر میں نافذ قانون سے زیادہ خطرناک بل لارہی ہے‘ شاہد خاقان

392

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+خبر ایجنسیاں) اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف کے ساتھ نیب بل جوڑنے کے حکومتی الزامات مسترد کر دیے۔ شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ایف اے ٹی ایف کی آڑ میں90روز جبری لاپتا کرنے سے متعلق خوفناک بل لائی جسے مسترد کر دیا۔اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے ساتھ نیب بل جوڑنے کے حکومتی الزامات بے بنیاد ہیں، حکومت ان بلز کی آڑ میں کچھ اور کرنا چاہتی تھی ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے بل کے لیے 4 ترامیم دیں،حکومت نے کہا تھا4بل منظور کرانا چاہتے ہیں، حکومت کی خواہش تھی چاروں بل اکٹھے پاس ہوں۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا 3 بل ایف اے ٹی ایف کے مطالبات پر مبنی ہیں، حکومت کا ایک بل نیب قوانین سے متعلق ہے،انسداد دہشت گردی ترمیمی بل پر ایک اعتراض بھی دور ہوا، یہ بل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بل سے بھی زیادہ خوفناک تھا۔ پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ حکومت سے کوئی این آر او نہیں مانگا،اپوزیشن نیب کو بھگت رہی ہے،جھگڑے کی جڑ بل میں اتفاق رائے والی ترامیم شامل نہ کرنا ہے۔ جے یوآ ئی( ف)کی شاہدہ اختر کا کہنا تھا کہ حکومت نے بلز کی منظوری کے لیے پارلیمان کے طریقہ کار کو بلڈوز کیا۔