خواجہ برادران کی ضمانت کیخلاف نظر ثانی اپیل کی تیاری مکمل

156

لاہور (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور کی احتساب عدالت میںمسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف زیر سماعت پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں عدالت عظمیٰ کی طرف سے خواجہ برادران کی ضمانت کے خلاف نظر ثانی اپیل کی تیاری مکمل کر لی۔ ذرائع کے مطابق نیب کی نظر ثانی اپیل کے ڈرافٹ کو چیئرمین نیب کی منظوری سے عید کے بعد عدالت عظمیٰ میں دائر کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے کی گئی اپیل میں کہا گیا کہ عدالت عظمیٰ نے خواجہ برادران کے خلاف کیس کے بنیادی اور اہم شواہد کو نظر انداز کیا، اگرعدالت عظمیٰ کے فیصلے میں آبزرویشن ختم نہ کی گئی تو ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر اثرانداز ہو سکتی ہیں، عدالت عظمیٰ کا کیس کے میرٹس کو دیکھنا پراسیکیوشن کے کیس کو کمزور کر سکتا ہے۔ نیب کی جانب سے کی گئی اپیل میں کہا گیا کہ ریکارڈ پر موجود شواہد واضح کرتے ہیں کہ سعد رفیق اور ان کے خاندان نے فرنٹ مین کے ذریعے پیراگون کو استعمال کیا اور اثاثے بنائے۔