رافیل طیاروں کی آمد پر راج ناتھ کی چین کو دھمکی

708

نئی دہلی: بھارت میں فرانس سے خریدے گئے طیارے رافیل کی آمد پر بھارتی وزیر دفاع نے چین کو خبردار کردیا۔

گزشتہ روز بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہناہے کہ رافیل جنگی طیاروں کی آمد سے ہماری عسکری تاریخ میں نیا دور شروع ہوگیا،  نئے رافیل طیاروں سے بھارتی فضائیہ مزید مضبوط ہوگی، اس موقع  پر راج ناتھ سنگھ نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فضائیہ میں رافیل طیاروں کی شمولیت سے پریشان ہیں یا تنقید کرتے ہیں تو یہ وہ ہیں جو ہماری سرحدی سالمیت کو خطرے میں ڈالنا چاہتے ہیں۔

بھارتی وزیردفاع نےاپنے بیان میں پڑوسی ملک چین کو خبردار تو کیا تاہم براہ راست نام لینے سے گریز کیا، بھارتی ریاست ہریانہ کی امبالا ایئر بیس پر پہنچنے والے جنگی طیاروں کو واٹر کینن گارڈ آف آنر دیا گیا۔

رافیل طیاروں کی آمد پر وزیر اعظم نریندر مودی نے رافیل طیاروں کی آمد پر سنسکرت زبان میں ایک ٹوئٹ میں کہا کہ قومی دفاع کی طرح کوئی قربانی نہیں ہے، قومی دفاع جیسا کوئی اچھا کام نہیں ہے، قومی دفاع جیسا کوئی عمل نہیں ہے۔

یاد رہے کہ بھارت اور فرانس کے درمیان رافیل طیاروں کی خریداری کے لیے مذاکرات کا آغاز 2012 میں ہوا تھا جو دو سال تک معطل رہا تھا تاہم 2014 میں مودی نے حکومت سنبھالنے کے بعد اسے دوبارہ شروع کردیا تھا۔

بھارت کی جانب سے ستمبر 2016 میں رافیل طیاروں کا 8 ارب 80 کروڑ ڈالر کا مہنگا معاہدہ ہوا تھا ، جس میں صرف 36 رافیل طیاروں کی خریداری کے لیے دستخط کیے گئے تھے جو طیاروں کی خریداری کا سب سے مہنگا معاہدہ تھا۔