کورونا اگر آزمائش ہے تو اللہ کی رحمت کے دروازے کھلے ہیں، خطبہ حج

868

مکہ مکرمہ: خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ عبداللہ المنیع نے کہا ہے کہ کورونا اگرآزمائش ہےتو اللہ کی رحمت کے دروازے کھلے ہیں۔

خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ عبداللہ المنیع نے کہا کہ خطبہ حجة الوادع کے موقع پر دین اسلام کی تکمیل کا اعلان ہوا، اللہ کی توحید اور وحدانیت کو مضبوطی سے پکڑنا چاہیے، اللہ تعالیٰ شرک کو پسند نہیں کرتا، مسلمانوں کو تقویٰ کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، ہرطرح کی قربانی اور عبادت خاص اللہ ہی کیلئے کریں۔

شیخ عبداللہ المنیع خطبہ حج میں مزید کہا کہ صبرپرکاربندرہنے والوں کیلئے خیرکی بشارت ہے، تقویٰ اختیار کرنے والے کی تنگ دستی دور کی جاتی ہے، سیدھے راستے پر چلنے والے کیلئے ہی نجات ہے، آج مسلمانوں کواپنےسیاسی اورمعاشی حالات دین کےمطابق ڈھالنےکی ضرورت ہے، سیدھے راستے پر چلنے والے کے لیے ہی نجات ہے، فرض نماز کی پابندی کرو، نماز اسلام کا اہم رکن ہے، رحم دلی سے آپس میں تعاون اور بھائی چارہ قائم کریں ۔

انہوں نے مسلمانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اے لوگو:اللہ کی اس کائنات اور اس کے نظام پر بار بارغور کرو، بیشک اللہ کی رحمت احسان کرنیوالوں کے قریب ہے، اللہ تعالیٰ خوشی اورغمی دونوں صورتوں میں صبرکادرس دیا ہے، قرآن مجید میں ارشاد ہے کہ حضورﷺخاتم النبین ہیں، کورونا اگر آزمائش ہے تو اللہ کی رحمت کے دروازے کھلے ہیں، اللہ تعالیٰ نے انبیاءکرام کو تزکیہ نفس کیلئے بھیجا، اللہ نے مال کی تجارت کو حلال اور سود کوحرام قرار دیاہے، اللہ نے کہا ہم تمہیں مال اور اولاد سے آزمائیں گے، اللہ نے طہارت اور پاکیزگی کو پسند کیاہے، اللہ تعالیٰ انسانوں کیلئے مشکل نہیں آسانی چاہتاہے، اللہ تعالیٰ کے حکم سے ہی مصیبتیں آتی ہیں اور دور ہوتی ہیں۔

واضح رہے کہ خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت10مختلف زبانوں میں نشر ہوگا، عازمین حج ظہر اور عصر کی نمازیں اکٹھی ادا کریں گے۔

میدان عرفات میں عازمین منی پہنچے،خطبہ حج مسجد نمرہ میں دیا جارہا ہے ، نماز عصر اور مغرب کے درمیان وقوف ہوگا جس میں حاجی اللہ رب العزت سے خصوصی دعائیں مانگیں گے، حجاج کرام منیٰ سے مزدلفہ پہنچ کرمغرب اورعشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے اور رات کھلے آسمان تلے مزدلفہ میں قیام کریں گے۔

مسجد نمرہ میں سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے تمام تر اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔میدان عرفات میں عارضی فیلڈ اسپتال بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ مشاعر مقدسہ کی فضائی نگرانی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی جا رہی ہے۔