کلبھوشن کیلئے قانونی نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

706

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان میں قید بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے لیے قانونی نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے دو رکنی بنچ تشکیل دے دیا، جسٹس میاں گل حسن بھی بنچ کا حصہ ہوں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ 3 اگست کو حکومت کی درخواست پر سماعت کرے گی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے دائر درخواست کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے سزا کے خلاف درخواست دائر کرنے سے انکار کیا، کلبھوشن بھارتی معاونت کے بغیر پاکستان میں وکیل مقرر نہیں کرسکتا۔

درخواست کے مطابق بھارت بھی آرڈیننس کے تحت سہولت حاصل کرنے سے گریزاں ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کلبھوشن یادیو کے لیے قانونی نمائندہ مقرر کرے۔

حکومت نے حالیہ صدارتی آرڈیننس کے تحت درخواست دائر کی۔