عوام قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں،حافظ نعیم الرحمن کی اپیل

478
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کورنگی میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے گوشت کی تیاری کا جائزہ اور میڈیا سے بات کررہے ہیں

کراچی (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام قربانی کی کھا لیں الخدمت کو دیں۔ جماعت اسلامی اور الخدمت نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور عوام کا بھی اس پر بھرپور اعتمادرہا ہے ،لہٰذا اس کے فلاحی کاموں کو مزید وسعت دینے کے لیے عوام ہماراساتھ دیں اور قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں۔ الخدمت نے کورونا اور بارش متاثرین کے لیے مثالی کام کیے ،الخدمت کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت کے تحت کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ضرورت مندوں ،مستحقین اور متاثرین بارش کے لیے قائم گوشت کی تیاری و تقسیم کے مرکزکے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین ،نیشنل ٹینٹ کے ڈائریکٹرز خباب احمد اور شہبازاحمد سمیت الخدمت کے دیگر ذمے داران وکارکنان موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک پرمافیا قابض ہے جو برسر اقتدار لوگوں ،بیوروکریسی اور اسٹیبلشمنٹ کی صورت میں موجود ہے ۔یہ مافیا عوام کے وسائل پر قابض ہے ، مگر ان کے لیے کچھ کرنے کے لیے تیار نہیں ہے ۔ اسلامی انقلاب لائے بغیر مسائل حل نہیں ہوں گے ۔جماعت اسلامی اورالخدمت کورونااوربار ش کی صورتحال میں الزامات کی سیاست میں پڑنے کے بجائے عوام کی خدمت کے لیے میدان میں سرگرم ہے ۔ اس وقت عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ملک میں کورونا کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن کے سبب لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔الخدمت اورجماعت اسلامی نے اپنی ذمے داری محسوس کرتے ہوئے اس صورتحال میںبھرپور کام کیاہے۔ مساجد،امام بارگاہوں، گرجاگھروں، مندروں، ملوں اور فیکٹریوں میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا ۔ سرکاری وفاق ،وبلدیہ کے زیر انتظام اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے میں حفاظتی لباس تقسیم کیے گئے۔ لاکھوں مستحق ولاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں میںراشن ،رمضان المبارک میں50ہزار کلو گوشت لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھ کر ان کے گھروں تک پہنچایا گیا ۔اب بھی گزشتہ ایک ماہ سے مستحق اور متاثرین بارش میں گوشت کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ 3 ہزار مستحقین تک گوشت پہنچایا جارہا ہے جو مستحقین کے ساتھ ساتھ ضلع غربی کے بارش متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی پورے ملک کو 90فیصد وسائل فراہم کرتا ہے،مگر برسراقتدار کرپٹ پارٹیاں عوام کی خدمت میں ناکام ہو چکی ہیں ، جن کے پاس اختیار ہے ،وہ ٹیکس وصول کرتے ہیں ،مگر جب کوئی مشکل آتی ہے تو این جی اوز سے مدد مانگتی ہیں ان کی طرف دیکھتی ہیں ،یہ افسوس ناک صورتحال ہے ۔کراچی کے نالوں کی صفائی کے لیے ایک ارب کی گرانٹ موجود تھی ،مگرکرپٹ مافیا نے نالوں کی صفائی نہیں کی اورشہریوں کو بارشوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ۔ان کا عوام کے لیے جو کردار ہونا چاہیے تھا ،وہ انہوں نے ادا نہیں کیا ،عوام کی آنکھیں اب کھل جانی چاہئیں کہ ان کے ساتھ کون ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت اور جماعت اسلامی جوکام کررہی ہے اس کا اجر اللہ دے گا ،لیکن وہ عوام سے کہتے ہیں کہ وہ آئندہ انتخابات میں صالح اور ایماندار لوگوں کا انتخاب کریں ۔کرپٹ نظام کو اکھاڑ پھینکے بغیر حقیقی تبدیلی ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کے کارکنوں نے شدیدبارش میں متاثرین کی بھرپورمدد کی ، مدرسے کی طالبات کو ریسکیو کیااور لوگوں کو کھانا پہنچایا۔رضاکاروں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر دوران بارش کام کیا میںتمام رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔اس موقع پرقاضی سید صدرالدین نے بریفنگ دی اور بتا یا کہ الخدمت کی جانب سے رمضان میں 50ہزار کلو گوشت تقسیم کیا گیا جبکہ رمضان کے بعد سے اب تک مزید 30ہزار کلو گوشت تقسیم کیا گیا ہے ۔