لوڈشیڈنگ ،اضافی بلنگ کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج

259
حیدر آباد، جماعت اسلامی کے تحت حافظ نصر اللہ عزیز اور حافظ طاہر مجید کی سربراہی میں حیسکو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا ہے

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے تحت میمن اسپتال کے قریب بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بجلی چوری، وولٹیج کی کمی، اوور بلنگ اور اضافی چارجز کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصر اللہ عزیز، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید ، نائب امیر عبدالقیوم حیدر، جے آئی یوتھ سندھ کے جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ اور جماعت اسلامی آفندی ٹائو ن کے امیر عامر فاروق مظاہرے میں شریک تھے۔نائب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصر اللہ عزیز نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی ایک بنیادی ضرورت بن چکی ہے مگر حکمران جس طرح عوام کو تعلیم، صحت، روزگار اور چھت جیسی ضروریات فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں، اسی طرح بجلی جیسی سہولتیں بھی ناپیدہوچکی ہیں۔ حکمرانوں نے انتخابات میں توانائی بحران پر قابو پانے اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے مگر
حکومت اپنے وعدوں کو پورا نہیں کر سکی۔ حیدرآباد صنعتی شہر ہے جس میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کئی صنعتی یونٹس بند ہو چکے ہیں اور ہزاروں مزدور بے روزگار ہوئے ہیں۔امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے اور لوڈشیڈنگ، اووربلنگ اور زائد یونٹس ڈالے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ظلم ناانصافی ،کرپشن کے خاتمے اور حیسکو مظالم کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔