بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری‘مزید2کشمیری شہید

222

سری نگر(خبر ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع راجوڑی میں سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی بھی ہوا۔بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت کے واقعے کو مقابلہ ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوان عسکریت پسند اور مسلح تھے تاہم اہل علاقہ نے بھارتی فوج کا جھوٹ بے نقاب کردیا۔ بھارتی فوج نے لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے بھی انکار کردیا۔قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی کے نام پر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور اس دوران خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی گئیں۔واضح رہے رواں ماہ بھارتی فوج کے جبر کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف واقعات میں درجنوں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔